کانگریس پارٹی کی جانب سے 12 فیصد تحفظات کی عمل آوری کے مطالبہ کو لیکر
پوسٹ کارڈ مہم کا نظام آباد شہر کے بلدی ڈیویژن 21 لائن گلی سے آغاز عمل
میں لایا گیا ۔ ایم اے قدوس کانگریس فلور لیڈر کی جانب سے ڈیویژن میں پوسٹ
کارڈ مہم میں حصہ لیتے ہوئے مہیش کمار گوڑ انچارج کانگریس پارٹی اربن حلقہ
نظام آباد نے کہا کہ کانگریس پارٹی کی جانب سے ضلع نظام آباد کے 9 حلقہ
اسمبلی میں عوامی شعور بیداری پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا جائیگا اور
عوام سے ملاقات کرتے ہوئے 12 فیصد تحفظات کی فراہمی کے خصوص میں چیف منسٹر
تلنگانہ کے نام موسومہ 5لاکھ پوسٹ کارڈ روانہ کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا
کہ ٹی آرایس حکومت اقتدار میں آنے سے قبل کسانوں کو ایک لاکھ روپئے قرضہ
جات کی معافی، کے جی تا پی جی مفت تعلیم اور مسلمانوں کو12 فیصد تحفظات کی
فراہمی کا اعلان کیا تھا تاہم ایک بھی وعدہ پر تاحال عمل نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ نظام آباد شہر کے 50 بلدی ڈیویژنوں میں پوسٹ کارڈ مہم کا
آغاز عمل میں لایا جارہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس پارٹی کے دور
اقتدار میں 4 فیصد تحفظات سے مسلم اقلیت کو تعلیم و روزگار میں مستفید
کروایا گیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیف منسٹرکے چندر شیکھر راؤ انتخابات
سے کئے گئے وعدوں
کو فراموش کردیا ہے۔کانگریس کی جانب سے چیف منسٹر کو
اعلانات پر عمل آوری کرنے یادہانی کیلئے پوسٹ کارڈ مہم کا آغاز کیا جارہا
ہے۔ اس پروگرام میں پوسٹ کارڈ مہم کے کنونیر ماجد خان نے کہا کہ 9حلقہ
اسمبلی میں ضلع اقلیتی سیل کی جانب سے 12 فیصد تحفظات کے حصول کیلئے تحریک
چلائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نظام آباد شہر کے تمام ڈیویژنوں میں عوام
سے ملاقات کرتے ہوئے پوسٹ کارڈ حوالے کئے جائیں گے اور چیف منسٹر کو روانہ
کرنے کی ضرورت پر زور دیا جائیگا۔ ایم اے قدوس کانگریس فلور لیڈر نے تمام
شرکاء کا خیر مقدم کیا۔ علاوہ ازیں آج بعد نماز ظہر احمد پورہ کالونی نزد
مکہ مسجد سے پوسٹ کارڈ مہم کا آغاز عمل میں لاتے ہوئے عوام سے ملاقات کی
گئی ۔ سینئر سٹیزنس ویلفیر سوسائٹی آفس پر صدر سوسائٹی ایم اے شکور و دیگر
اراکین و عہدیداروں سے ملاقات کرتے ہوئے پوسٹ کارڈ حوالے کئے گئے علاوہ
ازیں احمد پورہ،نصیر چوراستہ علاقہ میں بھی عوام سے ملاقات کرتے ہوئے پوسٹ
کارڈ حوالے کئے گئے۔ اس مہم میں مہیش کمار گوڑ، ماجد خان، ایم اے قدوس،
کیشو وینو، محمد عرفان علی، ایم اے جلیل، عبود بن حمدان و دیگر نے شرکت کی۔
نوت:فوٹو ای میل ( کانگریس پارٹی کی جانب سے 12 فیصد تحفظات کے مطالبہ پر پوسٹ کارڈ مہم کا نظام آباد میں آغاز)